وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان کی ملاقات

98
Abdul Aleem Khan

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے ملاقات میں جنوبی ایشیا کے ممالک کے مابین اقتصادی وتجارتی ترقی کیلئے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے جس میں اسلام آباد، تہران، استنبول(آئی ٹی آئی)روڈ ٹرانسپورٹ کوریڈور کے علاوہ پاکستان ٹرانسپورٹ کوریڈور (ریل اینڈ روڈ) اور یورو ایشین ٹرانسپورٹ لنک پر بھی بات چیت کی۔

ای سی او کے سیکرٹری جنرل نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو جون میں تہران میں ہونے والے تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ وسط ایشیائی ریاستوں، ترکیہ اور پاکستان سمیت10ممالک اس تنظیم کے ممبر ہیں جو باہم تعاون کے ساتھ مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سیکرٹری جنرل ای سی او اسد مجید خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ہیومن ریسورس اور ورک فورس کے لئے بہترین کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید برآں ان 10ممالک کے مابین مواصلات، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور معدنیات کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پاکستان میں مواصلات کے شعبے میں جدت کے لئے ڈیجیٹلائزیشن پر کام ہو رہا ہے جبکہ ایران، افغانستان اور چین کے ذریعے پاکستان سے آذربائیجان و دیگر وسط ایشیائی ریاستوں تک تجارتی روٹس فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ سال اگست میں ای سی او کے 14 ویں سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر اسد مجید خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اس تنظیم میں پاکستان کی طرف سے ہر مکمل تعاون اور فعال کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ جون میں تہران میں ہونے والے اجلاس سے پہلے بالخصوص پاکستان اور ایران اور دیگر ممالک کے مابین تجارتی امور پر ہوم ورک مکمل کر لیا جائے گا تاکہ اس کے بعد تیزی سے پیش قدمی ہو سکے۔