وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا پاکستان پوسٹ کوریونیو میں اضافہ کا ٹاسک

89
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا پاکستان پوسٹ کوریونیو میں اضافہ کا ٹاسک

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ کو 30جون تک اپنے ریونیو میں اضافہ کر کے اسے 14ارب روپے تک لانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان پوسٹ کے فریم ورک کو تبدیل کر یں اور عالمی معیار کی کورئیر کمپنی تشکیل دیں جو پرائیویٹ سیکٹر کا مقابلہ کر کے اور پیشہ وارانہ مہارت کو برؤئے کار لا کر اس ادارے کی بہتری اور بحالی میں معاون ثابت ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان پوسٹ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس ادارے نے بہتر بزنس ماڈل کے ساتھ گزشتہ چند ماہ میں مثبت پیشرفت کی ہے جس میں بڑے پیمانے پر مزید کام کی گنجائش موجودہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کفایت شعاری کے ساتھ ساتھ غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی تاکہ اس ادارے میں موجود ملازمین کے روزگار کو بچایا جا سکے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈاک کی ترسیل کا نظام جدت اختیار کر چکا ہے لہذا پاکستان پوسٹ کو موجودہ تقاضوں میں ڈھالتے ہوئے ڈیجیٹیلائزیشن، مضبوط اور موثر مارکیٹنگ نیٹ ورک سے منافع بخش بنایا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کو ایک ہفتے میں نیا بزنس پلان تشکیل دینے اور محکمانہ سفارشات کے ساتھ دوبارہ اجلاس کی ہدایت کی تاکہ مثبت سرگرمیوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی صدارت میں ہونے والے جائزہ اجلاس میں بتایا گیاکہ پاکستان پوسٹ نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال اب تک 23.5فیصد زائد محصولات حاصل کیے ہیں، پاکستان پوسٹ اپنی کارکردگی میں اضافے کے لئے تین نکاتی حکمت عملی پر کار بندہے اور اس ادارے کے بزنس میں اضافہ، اخراجات میں کمی اور خدمات میں بہتری لانا حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ نے 1.4ارب روپے مالیت کے نئے کاروبار بڑھانے کے اقدامات کیے ہیں اور اخراجات میں کمی کے اقدامات سے رواں مالی سال میں 2ار ب 40کروڑ روپے کی بچت ہوگی جبکہ مختلف محکموں سے پاکستان پوسٹ کے بقایا جات کی وصولی اور پوسٹ آفسز کی عمارات کو کرایہ پر دینے سے بھی محصولات میں اضافہ ہوگا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ان اقدامات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ان میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ روایتی طرز عمل سے ہٹ کر پاکستان پوسٹ کو بہتر بنایا جا سکے۔