اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کو جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انہیں کسی تاخیر کے بغیر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید مہلت نہیں ملے گی، محکمے کے افسران کیلئے آخری موقع ہے اور اب کسی بھی منصوبے میں سستی، نا اہلی اور بلاجواز تاخیر پر سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بدھ کواین ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں ادار ے کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شاہرات اور موٹرویز کی تعمیر و مرمت اور توسیع کے منصوبوں کو تیزی کے ساتھ مکمل ہونا چاہیے، گوادر پورٹ کو منسلک کرنے والی مرکزی شاہراہ کو مارچ 2026ء تک مکمل کیا جائے۔اسی طرح بلوچستان کی ہوشاب،آواران اور نال کی اہم ترین شاہراہ پر بھی کام تیز کیا جائے۔انہوں نے کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کو جلد از جلد مکمل کرنے اور اس کی معیاری تعمیر کے ساتھ ساتھ گرین ایریاز بنانے اور وہاں شجر کاری کرنے کی ہدایت کی ۔
وفاقی وزیر نے کے پی کے میں مانسہرہ،ناران، جھال کنڈکی ایکسپریس وے پر کام کی رفتارتیز کرنے کی ہدایت کی۔عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی شاہراہوں کے اطراف بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے ناجائز تجاوزات ہٹانے اور اس ضمن میں عملدرآمد کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا۔انہوں نے کہا کہ بڑی شاہرات کے منصوبوں کا افتتاح خود وزیر اعظم کریں گے جس کے لئے وہاں منصوبوں کو ہر لحاظ سے مکمل ہونا چاہیے۔انہوں نے اپنے حالیہ دورے کی روشنی میں مری ایکسپریس وے پر سیاحوں کی ضروریات کے مطابق ریسٹ ایریاز بنانے کی ہدایت کی جہاں فیملی واشرومز سمیت "ریفریشمنٹ” کا بھی بندوبست ہو۔ وفاقی وزیر مواصلات نے ملک بھر میں این ایچ اے کی شاہراہوں کے اطراف موجودہ جگہوں کا سروے کرنے اور انہیں علاقے کی ضروریات کے مطابق نئے سرے سے کانٹریکٹ پر دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو این ایچ اے کے ریونیو امور سمیت اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی جس پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ٹول پلازوں کی طرح این ایچ اے کے تمام منصوبوں کو کھلی نیلامی کیلئے پیش کیا جائے تاکہ ہر شہری اس عمل میں حصہ لے سکے۔انہوں نے اس ضمن میں عوامی آگاہی کے لئے تشہیری مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔
وفاقی سیکرٹری مواصلات اور سی ای او این ایچ اے کے علاوہ لاہور،کراچی، کوئٹہ اور پشاور سے سینئر افسران نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اپنے زونز میں این ایچ اے کے منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔