وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے بین الاقوامی روڈ اسیسمنٹ پروگرام کے معاہدے پر دستخط اور مالدیپ، عمان، فلسطین اور بنگلہ دیش کے وزراء سے ملاقاتیں

177
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے بین الاقوامی روڈ اسیسمنٹ پروگرام کے معاہدے پر دستخط اور مالدیپ، عمان، فلسطین اور بنگلہ دیش کے وزراء سے ملاقاتیں

رباط۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان مواصلات کے شعبے سمیت تمام شعبوں میں جدت کی جانب گامزن ہے، ہماری موٹر ویز، شاہراہ قراقرم اور دیگر شاہراہیں بین الاقوامی معیار کا مقابلہ کرتی ہیں جبکہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے، حادثات میں کمی اور سفری سہولیات میں اضافے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مراکش میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے تین روزہ عالمی وزارتی کانفرنس کے موقع پر بین الاقوامی روڈ اسیسمنٹ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر گریگ اسمتھ اور دیگر ممالک کے وزراء سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ نے اس موقع پر بین الاقوامی روڈ اسیسمنٹ پروگرام کے ساتھ ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جس کے تحت یہ بین الاقوامی ادارہ پاکستان میں نقل و حمل کے ذرائع کی تیاری، فزیبلٹی اور سڑکوں کی تعمیر میں اہم معاونت فراہم کرے گا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں بالخصوص مواصلات کے شعبے میں جدت کی طرف بڑھ رہا ہے، ہماری موٹر ویز، شاہراہ قراقرم اور دیگر شاہراہیں بین الاقوامی معیار کا مقابلہ کرتی ہیں جبکہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے، حادثات میں کمی اور سفری سہولیات میں اضافے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں اضافے کے باوجود حادثات، زخمیوں اور اموات کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے جو کہ ایک انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی روڈ اسیسمنٹ پروگرام پاکستان میں مواصلاتی سہولیات میں پائیدار بہتری لائے گا۔ بین الاقوامی ادارے کے کنٹری ڈائریکٹر اور قائم مقام سی ای او گریگ اسمتھ نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی بریفنگ کو متاثر کن قرار دیا اور انہیں اپنی ادارے کی طرف سے تکنیکی معاونت اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

اقوام متحدہ کی ایگزیکٹو سیکرٹری برائے یورپی کمیشن تاتیانا مولسن اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندے جان ٹوڈٹ نے مراکش میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور پاکستان کی مواصلات کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

مراکش میں جاری چوتھی عالمی وزارتی کانفرنس کے دوران پاکستانی وفد کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مالدیپ، عمان، فلسطین اور بنگلہ دیش کے وزراء سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی اور تعاون کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

فلسطینی وزیر ٹرانسپورٹ طارق زوروب، عمان کے نائب وزیر بریگیڈیئر جنرل علی الفلاحی، بنگلہ دیش کے وزیر صنعت و پیداوار عادل الرحمان اور مالدیپ کے وزیر ٹرانسپورٹ ایم امین نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقاتیں کی اور مراکش میں عالمی کانفرنس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزراء نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وہ مراکش سے خوشگوار یادوں اور قابل عمل تجربات کے ساتھ واپس آئیں گے۔