اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی جلد ہی 100 ارب روپے کے ریونیو کا ہدف حاصل کر لے گی، وزارت مواصلات نے پہلے مالی سال کے دوران 52 فیصد تک اپنے ریونیو میں اضافہ کیا ہے جو خود انحصاری کی طرف ایک ہم قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی وے کو موٹرویز کی تعمیر کے حوالے سے درپیش چیلنجز کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا اہتمام نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت نے پہلے مالی سال کے دوران حکومت سے ایک پیسہ بھی بجٹ کے طور پر نہیں لیا۔ آئندہ بھی ہم اپنے ذرائع سے اپنے منصوبوں کو مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزید موٹرویز بھی آئندہ چند ماہ کے دوران تعمیر کریںگے اور 1275 کلو میٹر نئی سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی وزارت میں ایک ایک پیسہ بچانے کیلئے سخت کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے 10ارب روپے کی ریکوری بھی کی ہے۔ پانچ سال بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی اس قابل ہو جائے گا کہ وہ اپنے منصوبے خود اپنے ذ رائع سے بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت میں تمام امور شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر سرانجام دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم بنانے کا مشکل چیلنج قبول کیا ہے جس کیلئے سخت محنت اور بھرپور عزم درکار ہے۔ حکومتی اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام متعارف کرایا ہے جس سے روزگار اور کاروباری مواقعوں سے ملک کی نوجوان نسل فائدہ اٹھا سکے گی۔ اسی طرح 192 ارب روپے کا احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے جس سے ملک کے عام آدمی کی ویلفیئر کی طرف حکومت کی سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔ احساس پروگرام صرف اور صرف ملک کے پسماندہ اور معاشرے کے غریب ترین افراد کیلئے پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں حکومت کے اقدامات کے ذریعے کمی واقع ہوئی ہے، ملک کی برآمدات میں واضح بہتری آئی ہے جبکہ کرنٹ اکائونٹ خسارے میں بھی کمی آئی ہے جس سے معاشی شرح نمو کے اشاریوں میں بہتری نظر آ رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی احتجاج کی کال کے حوالے سے مراد سعید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حق میں ایک لفظ بھی کبھی نہیں کہا جب بھی حکومت مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے 25 لاکھ بچوں کو مواقعوں کی فراہمی کی بات کرتی ہے مولانا فضل الرحمن اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کو خود بھی یہ نہیں پتہ کہ وہ اسلام آباد کیوں آ رہے ہیں۔ وہ اسلام کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد کیلئے آ رہے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے آئی جی اے ڈی خواجہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تنظیموں نے بھی این ایچ ایم پی کو بدعنوانی سے پاک ادارہ قرار دیا ہے۔ اس موقع پر مہمان مقررین کامران کیانی اور دیگر نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔