
اسلام آباد ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں قوم کے مجرموں کیساتھ مفاہمت نہیں بلکہ باز پرس کی جائے گی ،بلاول صاحب قوم کو بتائیں تھر میں موت کے ننگے رقص کا ذمہ دار کون ہے، قوم کے بچے بچے کو جے آئی ٹی کی رپورٹ پڑھائی جانی چاہئیے،قوم کو پتہ چلے کہ کس بیدردی سے ملک کو لوٹا گیا اور ادارے تباہ کئے گئے۔ جمعرات کو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب اس طرح تو ہوتا ہے اسطرح کے کاموں میں، ناشتے اور صدقے کے بکروں کی جعلی اکاونٹس سے ادائیگیوں کا حوالہ بذات خود جرم کا اعتراف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو سمجھ نہیں آرہا تو سمجھائے دیتے ہیں کہ پاکستان بدل چکا ہے،باپ بیٹے کو کچھ اور نظر آئے نہ آئے یہ ضرور دکھائی دے رہا ہے کہ کرپشن پر زمین تنگ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں قوم کے مجرموں کیساتھ مفاہمت نہیں بلکہ باز پرس کی جائے گی ۔سندھ میں پولیس کو تباہ وبرباد کرکے بلاول کے والد نے کراچی میں خون کی ہولی کھیلنے کی کھلی اجازت دی، بے رحمی سے لوٹ مار کرتے وقت آپ کے والدِ کو انجام یاد رکھنا چاہئیے تھا۔