وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل

99

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سندھ پر تین نسلوں سے برسراقتدار پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے، ہسپتالوں سے ڈاکٹر ز اور دوائیاں غائب ہیں، سڑکوں کی حالت ابتر ہے، پنشنرز کو بھی نہیں بخشا گیا، اربوں روپے کی گندم بھی چوہے کھا گئے، تھر میں پانچ سو سے ساڑھے پانچ سو بچے بھوک اور غربت سے مر جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کیاہے جس پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوںاور چیلنجز کے باوجود بڑے اعلانات کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری نے کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا ہے، حقوق سندھ مارچ سے ان کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سندھ پر تین نسلوں سے پاکستان پیپل

ز پارٹی کی حکومت ہے، سندھ میں سکولوں سے فرنیچر اور اساتذہ غائب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، ہزاروں ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات ہو چکے ہیں، لوگوں کو گھروں کی دہلیز پر لوٹا جا رہا ہے جبکہ سندھ پولیس میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے نمٹنے پر پوری دنیا نے پاکستان کی تعریف کی، دنیا نے ہمارے سمارٹ لاک ڈائون کے اقدام کو سراہا ہے، وزیراعظم عمران خان کے دور میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا، ڈومور پر وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں ایبسلیوٹلی ناٹ، موجودہ حکومت کے دورمیں ڈیم بن رہے ہیں، غربت کے خاتمے کے پروگرام چل رہے ہیں، آج جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں صحت کارڈ کے ذریعے مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بلاول بھٹو کو مشوہ دیا کہ بلدیاتی انتخابات آ رہے ہیں، آپ کے سیکھنے کے دن ہیں ، پہلے کونسلر کا الیکشن لڑیں پھر بڑوں سے سوال کریں۔