اسلام آباد ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں سڑکوںکے معیار کو بہتربنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی لا رہے ہیں، موٹروے پولیس کا ادارہ ملک اور قوم کے لئے قابل فخر ہے، محدود وسائل میں موٹروے پولیس نے ادارے کے وقار کو بحال رکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے زیر اہتمام موٹروے اور ہائی وے سے متعلق درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل ہائی وے اینڈ موٹرویز اے ڈی خواجہ اور مہمان مقرر کامران کیانی نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ سیمینار سے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ اور گیسٹ سپیکر کامران کیانی نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں موٹرویز اور ہائی ویز نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی وجہ سے فعال ہیں اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے محدود وسائل میں ادارے کا نام اور وقار بحال رکھا اور اس کی کارکردگی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ملک میں سڑکوکے ں معیار کو بہتربنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی لا رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمانداری اور خوش اخلا قی اس ادارے کے افسروں کے امتیازی اوصاف ہیں۔ جن کی بناء پر یہ ا دارہ پورے ملک کے لیے فخر کی علا مت بن چکا ہے اور ادارے کی نیک نا می پوری قوم کیلئے اعزاز اور فخر کی با ت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں نے موٹروے پولیس کو کرپشن سے پاک ادارہ قرار دیا ہے۔ انسپکٹر جنرل نے ٹریننگ کالج میں زیر تربیت افسران سے توقع ظاہر کی کہ اعلیٰ اور معیاری تربیت حاصل کرنے والے یہ افسران جب میدان میں اتریں گے تو ٹریفک ڈسپلن کا معیار بلند ہو گا اور شاہراہیں محفوظ ہونگی۔ اس موقع پر گیسٹ سپیکر کامران کیانی نے موٹروے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا موٹروے پولیس نوجوانوں کے رویوں میں کامیابی کے ساتھ تبدیلی لا رہی ہے اور موٹروے پولیس قانون کا نفاذ بغیر کسی تفریق کے کرا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کے رویوں میں تبدیلی آرہی ہے۔