اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے گذشتہ روز لیگی کارکنوں کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہ صرف اس حملہ کی مذمت کرتے ہیں بلکہ مزاحمت بھی کریں گے۔
منگل کو اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت اور ان کے کارندے اگر یہ سوچ رہے ہیں کہ وہ کسی پر کالی سیاہی پھینکیں گے تو ان کے کالے کرتوت چھپ جائیں گے تو ایسا نہیں ہو گا، آپ ایک سند یافتہ اور سزا یافتہ ہیں، آپ اپنی کرپشن اور چوری پر عدالتوں سے اشتہاری اور مفرور ہیں، اپنی چوری چھپانے اور این آر او مانگنے کیلئے آپ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے کرتے ہیں، سینٹ میں آپ کو بری طرح شکست ہوئی، گلگت بلتستان کا الیکشن آپ ہار گئے اور آپ کی جلسیاں بھی ناکام ہوئیں اور عوام نے بری طرح آپ کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی چوری اور بدعنوانی کی وجہ سے اخلاقی گراوٹ کا تو شکار تھے اب مزید گر گئے ہیں کہ سیاسی مخالفین اور اداروں پر حملے اور تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور پوری جماعت کی طرف سے ہم اس حملہ کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الطاف حسین بن کر جو لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، جب انہیں این آر او نہیں ملتا اور وہ رنگے ہاتھوں پکڑے جاتے ہیں تو وہ بیماری کا بہانہ کرکے باہر چلے جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہماری پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، کبھی پیٹ درد اور کبھی کسی بیماری کا بہانہ کرتے رہے اور دوائی لینے گئے واپس نہیں آتے، ان میں تھوڑی بہت بھی انسانیت ہو تو واپس آ کر عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں، دوسری طرف اس کے حواری ملک کے خلاف بیانات دیتے ہیں، ہم آپ سے سوال ضرور پوچھیں گے۔