
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کے بحرین کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط، مذہبی، معاشرتی، سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ عوامی روابط کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں تاکہ مختلف شعبوں میں تیز تر ترقی کی راہیں ہموار ہو سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن محمد بن تہمیر الکعب سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ وفاقی وزارت مواصلات و پوسٹل سروسز میں ان سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے معزز مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بحرین کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط، مذہبی، معاشرتی، سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ عوامی روابط کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں تاکہ مختلف شعبوں میں تیز تر ترقی کی راہیں ہموار ہو سکیں۔
وفاقی وزیر نے انہیں یہ بھی بتایا کہ پچھلی دو دہائیوں سے پاکستان روڈ نیٹ ورک کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے اس شعبہ پر بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کاشغر سے گوادر تک روڈ نیٹ ورک بچھایا جائے تاکہ خطہ بھر کے ممالک صنعتی، تجارتی، معاشی، ثقافتی، زرعی اور سیاحتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں اور ان ممالک کی معاشی اور اقتصادی حالت مستحکم ہو سکے۔
وفاقی وزیر نے سی-پیک اور قومی شاہراہوں وموٹر ویز کی تعمیر و تکمیل کے حوالہ سے مفصل گفتگو کرتے ہوئے بحرین کے وزیر کو بتایا کہ اس وقت شاہراہوں کی تعمیر میں بحرین کے سرمایہ کاروں کیلئے مزید پرکشش مواقع موجودہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی پوسٹل سروسز کو بھی جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں تاکہ اس ادارہ کو بھی عالمی معیار دیا جاسکے۔
وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے بحرین کے وزیر اور اُنکے ساتھ آئے ہوئے وفد کے اراکین کو بتایا کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر ویز پولیس بھی ہماری وزارت مواصلات کا حصہ ہے اس لئے اس شعبہ پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ٹریفک رولز کو مزید سخت اور موثر بنا رہے ہیں۔ ہمیں اس بات کا احساس کرتے ہوئے خود کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونا پڑے گا تاکہ بہت سے گھمبیر مسائل سے بچا جا سکے۔
انہوں نے بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ و ٹیلی کمیونیکیشن محمد بن تہمیر الکعب اور اُنکے ساتھ آئے ہوئے وفدکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے پر کشش مواقع موجود ہیں، خاص طور پر روڈ نیٹ ورک میں بحرین کے سرمایہ کاروں کی شرکت ناگزیر ہے۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر)محمد خرم آغا نے بحرین کے وزیراور وفد کو پاکستان میں مکمل اور جاری تعمیراتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔