اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و ریلوے شاہد اشرف تارڑ کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی سپریم باڈی نیشنل ہائی وے کونسل کا 44 واں اجلاس وزارت مواصلات کے کانفرنس روم میں منعقد ہواجس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزارت مواصلات سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جُملہ مالی و انتظامی امور پر وفاقی وزیر کو مفصل بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات و ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے اتھارٹی کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے مختلف سکیمیں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور ساتھ ہی ساتھ پچھلے 10 سال کی آمدنی کا تجزیہ مدنظر رکھتے ہوئے ممبر ریونیو کی نئی سیٹ بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ آمدن بڑھائی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے این ایچ اے کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کے قواعد و ضوابط کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور قوانین پر عملدرآمد کیلئے فی الفور میڈیا مہم چلائی جائے۔انہو ں نے کہاکہ این ایچ اے کے ملازمین کیلئے رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں کی مرمت کے امور کو مزید بہتر بنایا جائے اور روڈ نیٹ ورک کے ساتھ ریسٹ و سروس ایریاز میں مساجد،بیت الخلاء و دیگر ضروری سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ موٹرویز لوپس پر شجر کاری،پھول دار پودے اوران کی مزید تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جائےجس سے ماحول خوشگوار ہوسکے۔