اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے طیارہ حادثہ پر آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کو وفاقی وزیر اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانہ گئے جہاں انہوں نے سفیر خضر فرہادوف سے طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس اور معصوم جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم آذربائیجان کے عوام کے ساتھ دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان اور آذربائیجان برادر اسلامی ملک اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ہمیشہ شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت عطا کرے۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وفاقی وزیر کی سفارتخانہ آمد اور اظہار افسوس پر تشکر کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=540042