وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

50

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے پر بارشی پانی جمع ہونے پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے پر مسافروں کی جان و مال کو خطرہ میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، موٹروے پر پانی کی نکاسی کا موثر انتظام کیا جائے تاکہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔ انہو ں نے یہ بات منگل کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،جس میں گزشتہ روز ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے پر بارش کے پانی کے جمع ہونے اور ٹریفک متاثر ہونے سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا،این ایچ اے،موٹروے پولیس اور وزارت مواصلات کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا کہ ہکلہ۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے پر مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں،پورے موٹروے کے ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیاجائے تاکہ حادثات کو کنٹرول کیاجاسکے۔ہکلہ۔

ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے پر شیخ بدین کے مقام پر نالہ گزرتا ہے،گزشتہ روز نالہ بند ہونے سے موٹروے پر پانی جمع ہوگیاجس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسزاسعد محمود کو بتایا گیا کہ جونہی موٹروے پر پانی جمع ہونے کی اطلاع ملی،اسی وقت فوری اقدامات عمل میں لاتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا گیا۔اس موقع پر اسعد محمود نے واقعہ کی انکوائری کرکے چار دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پر مسافروں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور انسانی جان کے لئے خطرے کا باعث بننے والی وجوہات کو ہر گزبرداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پر پانی کی نکاسی کا موثر انتظام یقینی بنایاجائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔اس موقع پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کو بتایاکہ ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیاجائے گا اور سامنے آنے والے نقائص کو فوری دور کیاجائے گا۔