وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کی زیر صدارت ملک کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس

146

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):ملک کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کے زیر صدارت منگل کو این ایچ اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا سمیت این ایچ اے کے تمام اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اسعد محمود نے طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہونے والے نقصانات کا فوری ازالہ کرنے اور تعمیر و مرمت کے کاموں میں برق رفتاری لانے کے لئے این ایچ اے ہیڈکوارٹرمیں باقاعدہ کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے این ایچ اے کے فیلڈ آفیسرز، عملہ، انجینئرز اور ماہرین کو تازہ بہ تازہ صورتحال سے آگاہ رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے عوامی حلقوں کو یقین دلایا ہے کہ پورے ملک میں بالعموم اور سندھ و بلوچستان میں بالخصوص سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وہاں موجود این ایچ اے کے آفیسرز اور عملہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان کو ملانے والی قومی شاہراہ N-25 پر دریائے حب کے مقام پر پل منہدم ہوا جس سے ٹریفک کی آمدو رفت میں تعطل کی خبریں گشت کر رہی ہیں’

این ایچ اے کے متعلقہ حکام نے انہیں یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مذکورہ پل منہدم ہوا ہے تاہم صورتحال پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا ہے اور ٹریفک بلاتعطل رواں دواں ہے جس پر وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا سے وابستہ افراد سے گزارش کی ہے کہ وہ بلا تحقیق کی خبریں اور افواہیں پھیلانے سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی افراتفری پھیلنے سے بچا جاسکے. انہوں نے کہا کہ تمام تر صورتحال پر ہم نے گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔