وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کااعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

129

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ لاہور۔عبدالحکیم موٹروے(M-3) کو30 مارچ سے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، اسی طرح عوام کی سہولت کیلئے فیصل آباد ٹول پلازہ کو 24 مارچ سے ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزارت مواصلات میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک، انسپکٹرجنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اللہ ڈنوخواجہ، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے نمائندوں اور وزارت مواصلات کے سینیئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے مراد سعید نے کہا کہ روڈ نیٹ ورک معاشی اور معاشرتی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور۔عبدالحکیم موٹروے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی وزارت مواصلات نے اپنے دستیاب وسائل سے مکمل کرکے ٹریفک کے قابل بنایاہے اور اسے 30 مارچ کو باضابطہ طورپرٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور۔عبدالحکیم موٹروے پر انٹیلی جینٹ ٹرانسپورٹ سسٹم نصب کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے اسے ماڈل موٹروے کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوںکو جدید اور مارڈرن ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے کے حوالے سے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور موجودہ شاہراہوں کو اپ گریڈ کرکے ان پر انفارمیشن ٹرانسپوٹریشن سسٹم کو روشناس اور ٹیکنالوجی کی تنصیبات کا عمل لاہور۔عبدالحکیم موٹروے(M-3) پر نصب کر دیا گیا ہے جس سے ٹریفک کے حادثات پر کنٹرول پانا سہل آسان ہوجائے گا۔ وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز نے کہا کہ لاہور۔عبدلحکیم موٹروے کا منصوبہ سٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی سے مزین کردیا گیا ہے اور تمام تر انتظامات کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے منسلک کردیا گیا ہے۔ایمرجنسی صورت حال سے نبردآزما ہونے سے ٹریفک حادثات کی روک تھام پر قابو پانا،لین مارکنگ،ڈیجیٹل ایل ای ڈی سکرین کی تنصیبات،الیکٹرنک ٹال سسٹم، ماڈرن، کشادہ اور آرام دہ سروس ایریازکو اچھے خطوط پر چلانے اور اس کے نظم ونسق کے انتظامات کی کیمروں کی ذریعے مانیٹرنگ اورالیکٹرانک وزن کرنے والے کانٹے نصب کرنے کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر نظم ونسق کو ڈیجیٹل کنٹرول سسٹم اور کنٹرول روم سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک کی رفتار پر قابو پانے کیلئے کیمروں کے ذریعے خصوصی کنٹرولنگ سسٹم روشناس کرایاجارہا ہے ا ور خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیوں کو موٹروے سے بلیک لسٹ کیا جا سکے گا، تمام گاڑیوں کی آمدورفت کے حوالے سے نمبرز پلیٹ تک کو آن کیمرہ ریکارڈ کیاجائے گا۔ مراد سعید نے کہا کہ فائبر آپٹکس سسٹم کی انسٹالیشن بھی کی گئی ہے اور مستقل قریب میں وی ٹی وی مانیٹرنگ کو فائیو جی ٹیکنالوجی سے ہمکنار کیاجائے گا۔