وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا پاکستان پوسٹ اور حبیب بینک کے درمیان ڈیجیٹل فنانشل سروس کے آغاز کے معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب

301

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت کی مثالی کارکردگی سے ملک کا مستقبل بدل رہا ہے، ہم نے پاکستان پوسٹ کو کئی اقدامات کی وجہ سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے، 6 ماہ بعد تمام پوسٹ آفسز ڈیجیٹلائزڈ ہو جائیں گے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان پوسٹ اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے درمیان ڈیجیٹل فنانشل سروس کے آغاز کے معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پوسٹ اور ایچ بی ایل کے حکام بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ 20 سال پر محیط ایک معاہدہ ہے، پاکستان پوسٹ اور ایچ بی ایل کا۔ پاکستان کے قومی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو چکا ہے اور موجودہ حکومت کی مثالی کارکردگی سے ملک کا مستقبل بدل رہا ہے، پاکستان پوسٹ جب ہمیں ملا تھا تو مالی خسارے کا شکار تھا لیکن آج یہ ادارہ ایک منافع بخش قومی ادارہ کی صورت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ہم نے کئی اہم اقدامات کی وجہ سے اس قومی ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا، ہم نے اس ادارے پر عوام کے اعتماد کو بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو استعمال میں لا کر ہم نے پاکستان پوسٹ کو ترقی کے سفر پر گامزن کیا، ہم اس ادارے کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے سفر پر گامزن کر چکے ہیں، 6 ماہ بعد تقریباً تمام پوسٹ آفسز ڈیجیٹلائز ہو چکے ہوں گے۔ مراد سعید نے پاکستان پوسٹ کے ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ۔19 کی وجہ سے سارا ملک لاک ڈائون میں تھا لیکن اس مشکل گھڑی میں بھی پاکستان پوسٹ نے لاکھوں پنشنرز کو گھر کی دہلیز پر پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ اپنے صارفین یا کسٹمرز کی سہولت کیلئے ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام سہولیات مہیا کرنے کیلئے سرگرم ہے۔ ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفسز کے قیام سے ایک طرف یہ ادارہ مالی طور پر ایک منافع بخش ادارہ بنے گا تو دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ کی طرف سے ایک لاجسٹک کمپنی کے قیام کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور عنقریب پاکستان پوسٹ لاجسٹک کے میدان میں بھی قدم جمائے گا۔