اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ای بلنگ کا سسٹم متعارف کرا کر ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے، اس عمل سے بڈنگ سے لے کر ادائیگی تک عمل شفاف ہو گا، احتسابی عمل متحرک ہو گا اور محکمہ کی کارکردگی پر لوگوں کا اعتماد بڑھے گا، این ایچ اے میں ماضی کے ادوار کے …
وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ای بلنگ کا سسٹم متعارف کرا کر ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے، اس عمل سے بڈنگ سے لے کر ادائیگی تک عمل شفاف ہو گا، احتسابی عمل متحرک ہو گا اور محکمہ کی کارکردگی پر لوگوں کا اعتماد بڑھے گا، این ایچ اے میں ماضی کے ادوار کے 700 کروڑ روپے ریکور کئے جا چکے ہیں جو ماضی کی حکومتوں کی بدعنوانیوں اور بدانتظامیوں کے نتیجہ میں خوردبرد کئے گئے تھے، قومی کمیشن برائے قرضہ تحقیقات اور نیب کو محکمہ کی طرف سے بھجوائے گئے مقدمات اور محکمہ کی انکوائریوں سے متعلق ٹھوس ثبوت موجود ہیں، انہیں کوئی چیلنج نہیں کر سکتا، وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران سول و عسکری قیادت نے قوم کا مقدمہ جس انداز میں لڑا اسے پوری دنیا میں پذیرائی ملی ہے، شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیاں قابل مذمت ہیں، پاک فوج کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں ای بلنگ سسٹم متعارف کرانے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے قبل ازیں ای بلنگ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات جواد رفیق ملک، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) سکندر قیوم بھی موجود تھے۔ این ایچ اے حکام نے وفاقی وزیر کو ای بلنگ سسٹم کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ اس اقدام سے این ایچ اے کے ترقیاتی کاموں کی بڈنگز سے لے کر ادائیگیوں تک کے عمل میں شفافیت آئے گی اور تمام متعلقہ افراد کو اپنے بلوں سے متعلق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے معلومات کے حصول میں مدد ملے گی اور اسی بنیاد پر عملہ کی کارکردگی کی جانچ پڑتال اور سزا و جزا میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ گڈ گورننس کا وژن دیا جس پر این ایچ اے پوری طرح عمل پیرا ہے۔









