سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 16واں اجلاس

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 16واں اجلاس

کراچی۔ 29 ستمبر (اے پی پی):سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 16واں اجلاس منگل کے روز یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میںوائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں یونیورسٹی کے تعلیمی امور سے متعلق متعدد اہم ایجنڈا آئٹمز پر غو ر اور اہم فیصلےکئے گئے۔ اکیڈمک کونسل کے 15ویں اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ اس کے ساتھ مختلف فیکلٹی بورڈز کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیکلٹی آف مینجمنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ کامرس، فیکلٹی آف سائنس اینڈ آئی ٹی اور فیکلٹی آف لینگویج اینڈ کلچرل اسٹڈیز اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کے نظرثانی شدہ نصابات پر غور و خوض کے بعد انہیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نئی 2025کی پالیسی کے مطابق منظور کیا گیا۔

اکیڈمک کونسل نے فیصلہ کیا کہ یونیورسٹی کے تمام شعبوں کیلئے ایک یکساں انٹرن شپ پالیسی ہوگی۔وائس چانسلرنے اس مقصد کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی، جس میں تین ڈینز ڈاکٹر جمشید عادل، ڈاکٹر اسٹیفن جان اور ڈکٹر عبدالحفیظ خان، کنٹرولر امتحانات فرقان افتخار اور شعبہ اکائونٹنگ، بینکنگ اینڈ فنانس کی چیئرپرسن اسسٹنٹ پروفیسر قر اةلعین نذیر احمد شامل ہیں، یہ کمیٹی معاملے کا جائزہ لے کر دس دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔اجلاس میں فیکلٹی آف مینجمنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ کامرس کا پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان بھی منظور کیا گیا۔ فیکلٹی کے ڈین پروفیسر جمشید عادل ہالیپوتہ ا ور چیئرپرسن قر اةلعین نذیر نے پلان کے اہم خدوخال پیش کیے۔

فیکلٹی آف سائنس اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر عبدالحفیظ خان نے اپنی فیکلٹی کا ایجنڈا کونسل کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کو ماحول کے لحاظ سے مزید سرسبز اور ماحول دوست بنانے کے لیے فیکلٹی کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد فیکلٹی آف آئی ٹی کے لیے آئوٹ کم بیسڈ ایجوکیشن کی منظوری دی گئی۔فیکلٹی آف ایجوکیشن نے شعبہ ایجوکیشن میں ریسرچ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تجاویزات پیش کیں اور ریلیونس اسیسمنٹ کمیٹی بنانے کی سفارش کی۔ اکیڈمک کونسل نے ریلیونس اسیسمنٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کیں ۔کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی شاندار پیش رفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ طلبہ کی تعداد 1,800 سے بڑھ کر 5,500 سے تجاوز کر گئی ہے اور سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی مالی طور پر مستحکم اعلی تعلیمی اداروں کی صف میں شامل ہو گیا ہے۔ وائس چانسلر نے تعلیمی عمدگی، تحقیق، شمولیت اور صنعت سے ہم آہنگ تعلیم کے حوالے سے یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔