وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

107

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دبنگ خطاب کرکے عالمی قوتوں کی سوچ کے دھارے کو تبدیل کر دیا، ان کی آواز پر ترقی یافتہ ممالک میں کشمیریوں کے حقوق کیلئے ہونے والے مظاہروں میں تیزی آ رہی ہے، ان مظاہروں میں بلاامتیاز رنگ و نسل اور مذہبی تفرقات کے لوگ شریک ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بڑے انتظار کے بعد ایک سچا رہنما ملا ہے، وزیراعظم عمران خان نے جس انداز میں اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے مقدمہ کو پیش اور اسلام کے تشخص کو اجاگر کیا، اس سے پہلے کبھی اس طرح نہیں ہوا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صورتحال کو بین الاقوامی سطح پر بیان کرکے عمران خان نے عالمی طاقتوں کو حقیقی رخ دکھایا ہے، ان کی تقریر کے بعد عالمی رائے میں تبدیلی شروع ہو چکی ہے، عمران خان کے خیالات کو سننے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے مثبت اشارے دیئے ہیں، جس تبدیلی کی بات وزیراعظم کرتے تھے وہ یقیناً شروع ہو چکی ہے۔