وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے پوسٹل سروس کی بحالی کیلئے کام شروع کردیا

458

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے پوسٹل سروس کی بحالی کیلئے کام شروع کردیا ہے۔ ترجمان پوسٹل سروسز کے مطابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے پوسٹل سروسز کی 4 ہزار سے زائد خالی آسامیوں پر بھرتی کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، وفاقی وزیر کی ہدایت پر 6 سو سے زائد بند ڈاکخانے کھول دئیے گئے۔

وفاقی وزیر اسعد محمود کے ان اقدامات سے کروڑوں پاکستانیوں کو ان کے گھر کے قریب سہولیات میسر ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق ہزاروں خاندانوں کو بلواسطہ اور بلا واسطہ روزگار کے وسائل میسر ہوں گے، سابق دور حکومت میں پوسٹل سروسز کی آسامیاں ختم کرکے محکمہ کو پرائیویٹ کرنے کا منصوبہ تھا.

وفاقی وزیر نے کہا کہ پوسٹل سروس 150 سال پرانہ محکمہ ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی خدمات سرانجام دیتا ہے، سیونگ بینک، پینشن، منی آرڈر سمیت دیگر چیزوں کو ڈیجیٹل کرکے بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائے گی،دیہاتی علاقوں میں پوسٹل سروسز کی سہولیات بہتر بنائیں گے،دو کروڑ لوگ ماہانہ ڈاکخانوں سے مستفید ہوتے ہیں۔