15.5 C
Islamabad
اتوار, مارچ 16, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر مواصلات کاشیخوپورہ کے نزدیک موٹروے ایم 2پر کوٹ پنڈی داس...

وفاقی وزیر مواصلات کاشیخوپورہ کے نزدیک موٹروے ایم 2پر کوٹ پنڈی داس انٹرچینج کا افتتاح

- Advertisement -

لاہور۔15مارچ (اے پی پی):صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر پاک فوج نہ ہو تو ملک ایک دن قائم نہیں رہ سکتا، وطن عزیز کا دفاع کرنے والوں کو گالیاں دینا کہاں کی خدمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست ملک سے مقدم نہیں،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،انشا اللہ منفی قوتیں ہر قیمت پر نیست و نابود ہوں گی۔اس امر کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ کے نزدیک موٹروے ایم 2پر کوٹ پنڈی داس انٹرچینج کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنا سہاگ،بیٹا، باپ اور عزیزوں کی جانوں کو قربان کرنا آسان نہیں، سوشل میڈیا پر بیٹھ کر غلیظ زبان استعمال کرنے والوں میں جرات ہے تو سرحدوں پر جا کر اپنی جانیں پیش کریں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ اب ترقی، خوشحالی اور بہتری کا دور شروع ہو رہا ہے، ان کو چار سال دیے گئے تھے انہوں نے اس میں کیا کیا؟اس کے مقابلے میں پاک فوج نے ہمیشہ اپنے خون سے وطن عزیز کا دفاع کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے گھناونے عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے اور جعفر ایکسپریس جیسے اندوہناک سانحہ کے پیچھے کارفرما عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کوٹ پنڈی داس انٹر چینج کے منصوبے کو ضلع شیخوپورہ کے رہائشی اور کمرشل صارفین کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر مواصلات وہ محکمے میں بنیادی تبدیلیاں لا رہے ہیں، بدعنوانی، نا اہلی او ر سستی کے کلچر کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ التوا میں پڑے ہوئے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کر رہے ہیں۔

اس موقع پر اس حلقے سے ایم این اے و وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انٹر چینج دیرینہ مسئلہ تھا اسے پی ٹی آئی کی حکومت نے چار سال تک کھڈے لائن لگائے رکھا۔انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی کاوشوں کو سراہا جن کے باعث اس منصوبے کی جلد تکمیل ممکن ہوئی ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزرا عبدالعلیم خان اور رانا تنویر حسین کو پنڈی داس انٹر چینج کے افتتاح کے موقع پر چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس انٹر چینج میں ایک ایڈمنسٹریشن بلڈنگ، سولر سٹریٹ لائٹس، فینس اور 710میٹر کی سٹون پیچنگ شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس انٹر چینج کو لاہور اسلام آباد کے دونوں اطراف سے فنکشنل کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں استقبال کیا اور ان کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573065

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں