34.9 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ...

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ملاقات، مون سون سیزن کی تیاریوں کا جائزہ لیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اعلیٰ سطحی ملاقات کی، جس میں ملک میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ممکنہ سیلاب کے خطرات کے پیش نظر آنے والے مون سون سیزن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ منگل کو یہاں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے وفاقی وزیر کو موجودہ درجہ حرارت کی صورتحال اور سیلاب کی ممکنہ پیشنگوئیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال معمول سے زیادہ درجہ حرارت متوقع ہے اور شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا اندیشہ ہے جو دریائے سندھ میں سیلاب کا سبب بن سکتا ہے۔ ملاقات میں این ڈی ایم اے کی جانب سے استعمال کیے جانے والے تین سطحی پیشگی انتباہی نظام پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں موسمیاتی پیشنگوئی، مشاورتی انتباہ اور حتمی تصدیقی آئوٹ لک شامل ہیں۔ یہ نظام خطرات کی بروقت شناخت اور موثر حفاظتی اقدامات کی منصوبہ بندی کو ممکن بناتا ہے۔

- Advertisement -

مزید برآں موسمیاتی و ماحولیاتی عوامل پر بھی تکنیکی بریفنگ دی گئی جن کا مون سون سیزن پر براہ راست اثر پڑتا ہے جن میں زمین اور سمندر کے درجہ حرارت میں فرق، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت اور شمالی نصف کرے میں برفباری کا پھیلائو شامل ہیں۔ ملاقات میں ڈیٹا پر مبنی پیشنگوئیوں اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے ایک علیحدہ سیشن میں مقامی سطح پر آفات سے بچائو کی حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی مطابقت دراصل آفات سے بچائو ہے۔

انہوں نے مشترکہ مالی تعاون اور مربوط منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا۔فریقین نے زیرِ التوااور نامکمل منصوبوں پر بھی بات چیت کی اور مسائل کی نشاندہی اور تکمیل کے لیے ایک موثر فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا۔یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ مربوط اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، پاکستان محکمہ موسمیات اور متعلقہ منصوبوں سے وابستہ ادارے شریک ہوں گے تاکہ موجودہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں کے لیے حکمتِ عملی تیار کی جاسکے۔ بیان کے مطابق وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ماحولیاتی چیلنجز کے تناظر میں شفاف، فعال اور باہمی اشتراک پر مبنی منصوبہ بندی کے عزم پر قائم ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599268

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں