اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے یہاں ملاقات کی جس کی قیادت کلائمٹ چینج اینڈ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے سینئر ڈائریکٹر تورو کوبو کر رہے تھے۔ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کا مقصد کاربن مارکیٹس میں شراکتی امکانات کا جائزہ لینا اور ایک نئی ماحولیاتی حکمتِ عملی کی تشکیل کے لئے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا تھا جو اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان ہم آہنگی کو ممکن بنائے۔
بیان کے مطابق ملاقات پاکستان کی قومی ماحولیاتی حکمتِ عملی کو بین الاقوامی معیارات اور مارکیٹ پر مبنی موسمیاتی مالیاتی حلوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہوئی۔فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ایک جامع، ہم آہنگ اور مشترکہ ماحولیاتی حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی جس میں کاربن کریڈٹس کا حصول، ماحولیاتی جدت اور نتائج پر مبنی منصوبوں کا نفاذ کلیدی ستون ہوں گے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو مکمل سرکاری تعاون اور ذاتی سطح پر نگرانی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکمتِ عملی کی تشکیل میں شفافیت، اثر انگیزی اور نتائج کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔ تورو کوبو نے ترقی پذیر رکن ممالک کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بینک کم کاربن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو فروغ، کاربن فنانس کے لئے آمادگی بڑھاتا اور پاکستان جیسے ممالک کو بین الاقوامی کاربن مارکیٹس تک موثر رسائی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ پاکستان کس طرح پائیدار ترقی کے اہداف کو اپنی کاربن فنانس پالیسی سے ہم آہنگ کر کے ماحولیاتی اقدامات کو اقتصادی طاقت اور عالمی وقار میں تبدیل کرسکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602834