وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع کی متعلقہ حکام کو عوام کی سہولت کے لیے جاری ہاؤسنگ پراجیکٹس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

192
جمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر وفاقی وزیر ہاو سنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے وزارت کے متعلقہ حکام کو عوام کی سہولت کے لیے جاری ہاؤسنگ پراجیکٹس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پیر کو سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ہمراہ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے دورے کے دوران انہوں نے مستقبل میں نئے تعمیراتی منصوبوں کے جلد آغاز کے بارے میں بھی اعادہ کیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) امیر محی الدین اور فاؤنڈیشن کے دیگر سینئر افسران نے وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر کو سی ای او پی ایچ اے ایف نے تنظیم کے مکمل اور جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران امیر محی الدین نے وزیر کو فائونڈیشن کے زیر انتظام جاری منصوبوں میں کام کی رفتار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا ۔

وزیر نے پی ایچ اے ایف کی پوری ٹیم کو عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے ان کے عزم اور لگن کو سراہا اور پی ایچ اے فاؤنڈیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔سی ای او پی ایچ اے ایف نے وفاقی وزیر سے وفاقی دارالحکومت اور تمام صوبوں میں نئے تعمیراتی منصوبوں کے آغاز کے لیے زمین کے حصول میں معاونت کی درخواست کی۔

آخر میں وفاقی وزیر نے پی ایچ اے ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی ٹیم کی جانب سے بریفنگ کے دوران اجاگر کیے گئے مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔