اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبد العلیم خان نے مراکش میں چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی میں شرکت کی۔ پاکستان سمیت دیگر ممالک بھی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
نجکاری ڈویژن سے جاری اعلامیہ کے مطابق کانفرنس میں وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ،کانفرنس میں 193ممالک سے مندوبین شرکت کر رہے ہیں جبکہ مختلف ممالک کے 260 وزراء و ماہرین کے خطابات بھی کانفرنس کے پروگراموں میں شامل ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گلوبل منسٹریل کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔
اس موقع پر ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین روڈ انفراسٹرکچر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عبد العلیم خان نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستان کیلئے ترکیہ کی ترقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ سے دو طرفہ تعاون میں فروغ پر بھی گفتگو کی۔ملاقات میں عبدالقادر یورالوغلو نے پاکستان کیلئے خیر سگالی اور بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کیا۔ترکیہ اور پاکستان کے وزراء نے ” بیلٹ اینڈ روڈ اینیشیٹو” کے منصوبے پر تفصیلی بات چیت بھی کی۔
واضح رہے کہ گلوبل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی کے پہلے روز یو این سیکرٹری جنرل کے نمائندے نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔گلوبل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی کے افتتاحی سیشن میں منسٹریل رائونڈ ٹیبل سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا۔