وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو اور وزیر توانائی حماد اظہرکی زیر صدارت اجلاس، پاکستان سٹیل ملز اور ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری سے متعلق امور کو زیر غور لایا گیا

67

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو اور وزیر توانائی حماد اظہرکی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز اور ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری سے متعلق امور کو زیر غور لایا گیا ۔ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وفاقی سیکرٹریز برائے نجکاری، پٹرولیم، وزارت انڈسٹریز اور پاور ڈویژن کے سینئر نمائندوں، مالیاتی مشیران، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اور سوئی سدرن گیس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سوئی سدرن گیس کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کے واجبات کی ادائیگی کے لائحہ عمل پر بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسٹیل ملز کی بحالی کے لئے منظور شدہ اسٹرکچر کے تحت ذیلی کمپنی کو یوٹیلیٹی کنکشنز کی فراہمی ضروری ہے۔مزید یہ کہ سوئی سدرن گیس اسٹیل ملز کو این او سی فراہمی کرے تاکہ نجکاری/بحالی کا عمل بلا تعطل جاری رہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی کو کابینہ کے فیصلے کے متعلق آگاہ کیا گیا۔

مزید برآں فیصلہ کیا گیا کہ سوئی سدرن گیس غیر وصول شدہ واجبات کی ادائیگی اور وزارت نجکاری کو این او سی دینے سے متعلق معاملہ اپنے بورڈ کو بھیجے گا۔حماد اظہر نے کہا کہ جلد ہی بورڈ اجلاس میں متعلقہ معاملہ کو حل کریں گے۔اسکے علاوہ وزیر توانائی کو ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کے لیے ٹائپ ٹیسٹنگ لائسنس میں توسیع کی سفارش پیش کی گئی۔

وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ ہم پٹرولیم ڈویژن سے لائسنس میں توسیع کی سفارش کرتے ہیں۔مذکورہ معاملہ این ٹی ڈی سی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں رکھنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ لائسنس میں توسیع ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نیلامی سے پہلے چاہتے ہیں۔

بعد ازاں وزیر نجکاری نے پرائیویٹائزیشن پروگرام کے جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے اعلی پائے کے انٹرنیشنل انویسٹرز نے پری کوالیفائیڈ کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مقررہ مدت کے اندر نجکاری پروگرام مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔