وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کا اجلاس ‎

159

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے اجلاس کا انعقاد بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی سیکرٹری نجکاری سمیت اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر نجکاری کی ایکٹو لسٹ میں شامل نجکاری کیلئے پیش کردہ 18 اداروں کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ کورونا کے باعث نجکاری کا عمل متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کار کورونا کی وبا کے باعث متعلقہ اداروں کا وزٹ نہیں کر سکے۔ محمد میاں سومرو نے نجکاری سے متعلقہ تمام وزارتوں کے ساتھ معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات بھی کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی پر خاص توجہ ہے۔ محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ اسٹیل ملز کی بحالی ملکی معیشت کیلئے بڑی حوصلہ افزا ثابت ہو گی۔انہوں نے پاکستان اسٹیل ملز انتظامیہ کی طرف سے مسائل کے حل میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا۔