پشاور۔ 11 مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعلان کے مطابق اتوار کو ملک بھر میں یوم تشکر منایا جارہا ہے جس کا مقصد اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجالانا، افواج پاکستان کی عظیم قربانیوں اور شجاعت کو خراج تحسین پیش کرنا اور پوری قوم کے اتحاد، حوصلے اور جذبے کو سراہنا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختو نخوا کی تمام ضلعی تنظیمات کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں یوم تشکر کے سلسلے میں ریلیوں اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔
اجتماعی دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کیا جائے، جن میں شہداء اور غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں. تقریبات میں عوام ، کارکنان، علماء کرام اور سول سوسائٹی کو بھر پور طور پر شریک کیا جائے۔ افواج پاکستان کی عظمت و قربانی کو اجاگر کرتے ہوئے تحریکی جوش و ولولے کے ساتھ دشمن کی جارحیت کے خلاف قومی وحدت کا پیغام عام کیا جائے۔
یہ دن اس بات کا اعلان ہے کہ پاکستان ایک پر امن لیکن مکمل طور پر مستعد اور ناقابل تسخیر ریاست ہے۔ان شاء اللہ مسلم لیگ (ن) ہر اول دستے کی طرح ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ رہے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595624