وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ( ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام کا دارالقضا، مینگورہ میں پشاور ہائی کورٹ، مینگورہ بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ سے حلف

93
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

مینگورہ /سوات۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ( ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے دارالقضا، مینگورہ میں پشاور ہائی کورٹ، مینگورہ بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس تقریب میں وکلا برادری، مسلم لائرز فورم، مسلم لیگ (ن )سوات کے قائدین اور مقامی معززین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان،سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کا حلف برداری کے موقع پر معرکہ حق اور اظہار تشکر کی تقریب سے خطاب میں نئے عہدیداروں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔

انہوں نے ملک میں انصاف کے قیام اور جمہوری اداروں کے استحکام میں وکلا برادری کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر نے بار کے لیے 50 لاکھ کی گرانٹ،سولر سسٹم اور کمپیوٹر دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری قانون کی حکمرانی اور آئینی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے جاری حکومتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف ترقی کی منازل طے کیں بلکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر دنیا میں دھاک بٹھا دی۔انہوں نے حالیہ بھارتی اشتعال انگیزیوں پر پاک فوج کے بروقت اور مؤثر ردعمل کو سراہا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم ہم اپنی خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبائی حکومت وقت ضائع کر رہی ہے اور عوام مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے کیسز منظر عام پر آ رہے ہیں۔اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ، مینگورہ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب کابینہ صدر رضا الدین خان, جنرل سیکریٹری سرفراز خان، اور فائنانس سیکرٹری آفتاب حسین نےحلف لیا۔ تقریب کا اختتام وکلا برادری کے درمیان یکجہتی اور انصاف و قومی ترقی کے لیے تجدید عزم کے ساتھ ہوا۔قبل ازیں وفاقی وزیر کا دارالقضا پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وکلا نے پھولوں کے گلدستے اور تحائف پیش کئے۔وفاقی وزیر نے صدر رضا الدین خان، نائب صدر محمد ارشاد، جنرل سیکرٹری سرفراز خان، جوائنٹ سیکرٹری فیاض احمد، فنانس سیکرٹری آفتاب حسین بٹ، لائبریری سیکرٹری سید فضل رحمن جان، ایگزیکٹو ممبران بشمول فلک ناز خان، مشتاق خان، حاجی بہادر، شفیق احمد، عزیز الحق، نیاز محمد,سراج الدین, سید احمد، اور حیا خان نے حلف لیا۔اس موقع پرمسلم لیگ (ن ) سوات ڈویژن کے صدر واجد علی خان ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل عحمان نونو، ن لیگ ضلع اپر سوات کے صدر قیموس خان، ضلع لوئر سوات کے صدر قوی خان ایڈوکیٹ، سابق ایم پی اے سردار خان و دیگر رہنما موجود تھے۔