25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی آن کشمیر رانا محمد قاسم نون...

وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی آن کشمیر رانا محمد قاسم نون کا جلالپور پیر والا میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

- Advertisement -

ملتان-30 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی آن کشمیر رانا محمد قاسم نون نے ہفتہ کو ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی آن کشمیررانا محمد قاسم نون نے کہا کہ مودی سرکار کی حالیہ آبی جارحیت قابلِ مذمت ہے جس کے باعث دریائے چناب، دریائے ستلج اور دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے جو سیلاب کا باعث بن رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلالپور پیر والا ایک جانب دریائے چناب اور دوسری طرف دریائے ستلج سے گھرا ہوا ہے، جس کے باعث سیلاب کی صورتحال تشویشناک ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بروقت احتیاطی تدابیر اپنائیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اب بھی سیلاب زدہ علاقوں سے انخلا ءنہیں کر رہے، انہیں چاہیے کہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔وفاقی وزیر رانا قاسم نون نے مزید بتایا کہ تحصیل بھر کے اسکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

- Advertisement -

محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور مویشیوں کی دیکھ بھال سمیت ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔بعدازاں رانا محمد قاسم نون نے تحصیل جلالپور پیر والا میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

جن علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے، وہاں کے رہائشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی قسم کی انسانی جان کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور کسی کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں