
اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لئے کثیر الجہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ پیر کو پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے زیر اہتمام انرجی انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اقتدار سنبھالنے سے قبل ملک میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب ملک میں توانائی کے کئی منصوبوں کے شروع ہونے کے بعد سے لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ائی ہے اور یہ صرف 6 گھنٹے تک محدود ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ نجی شعبے کے لئے طریق کار کو آسان بنایا گیا ہے اور انہیں اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ترغیبات دی گئی ہیں۔ ملک میں توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ آئی پی پیز نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔