26.6 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی پریس کانفرنس

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی پریس کانفرنس

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو سستی اور وافر بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے، وصولیوں کو بہتر بنانے اور بجلی کی چوری پر قابو پانے جیسے اقدامات سے 116 ارب روپے اضافی آمدن ہوئی ہے، معمول کی مرمت کے لئے 1200 میگاواٹ کے بند پلانٹس ایک ماہ بعد فعال ہونے سے اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی, مئی میں ساڑھے چار ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ 2018ءکے آغاز پر نیلم جہلم منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپریل تک درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ کی وجہ سے ملک میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا، اس کے علاوہ معمول کی مرمت کے لئے ہمارے 1200 میگاواٹ کے پلانٹس بھی بند ہیں جن کی مرمت کا کام جاری ہے اور یہ پلانٹس ایک ماہ بعد فعال ہو جائیں گے جس کے بعد 1200 میگاواٹ بجلی سسٹم میں آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پن بجلی کی پیداوار 2000 میگاواٹ ہے اور آئندہ ماہ اس میں 1500 میگاواٹ کا مزید اضافہ ہوگا، اس طرح مجموعی طور پر مئی میں ساڑھے چار ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے جس کے لئے پانی، ہوا، گیس اور کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے اور اس سے سستی بجلی کی پیداوار یقینی بنائی جا سکے گی۔ حکومت عوام کو سستی اور وافر بجلی فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=49003

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں