وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان کا پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے 120ویں اجلاس سے خطاب

104
APP01-14 ISLAMABAD: November 14 – Federal Minister for Power Division Omer Ayub Khan presiding over the 120th Board meeting of Private Power and Infrastructure Board (PPIB) to review the coal and hydropower projects and other related matters. APP photo by Javed Qureshi

اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، آئندہ بجلی کی پیداوار کے تمام منصوبے مقامی وسائل سے مکمل کئے جانے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے 120ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کے استعمال سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے نئے منصوبے شروع کرنے کے معاملہ کو توانائی کی طلب و رسد کے سروے رپورٹ سے منسلک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رپورٹ آنے کے بعد نئے بجلی کے منصوبوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں بجلی کے شعبہ کے تمام اداروں کے آپس میں رابطہ کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ منصوبے وقت پر مکمل کئے جا سکیں۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں دریائے نیلم پر 350 میگاواٹ کے اٹھمقام پن بجلی منصوبے کے دلچسپی کے خط میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔ عمر ایوب خان نے 660 کے وی کے ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن منصوبہ کیلئے این ٹی ڈی سی کو زیادہ فعال کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نظام کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے جبکہ بجلی چوروں کے خلاف بھی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملک میں بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا جائے گا۔