اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبے کے فوائد سے مستفید ہونے کیلئے ایچ ای سی کے تحت سی پیک یونیورسٹی الائنس اور بزنس سکولز کنسورشیم کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور چائنہ ایسوسی ایشن آف ہائیر ایجوکیشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ پاک چائنا فورم کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ سرفہرست ہے۔ انہوں نے چینی ماہرین تعلیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت چین کے ساتھ تعلیمی شعبہ میں تعاون کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کیلئے اعلیٰ تعلیم کا حصول ضروری ہے اور اس حوالہ سے ملکی ترقی کیلئے ناگزیر سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ تعلیم میں تعاون کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔