اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے تمام متعلقہ اداروں کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے مشترکہ سروے تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ ہدایت جمعہ کو سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے جائزہ اجلاس میں استنبول سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت اور اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمرزمان کائرہ ، چیف سیکرٹری بلوچستان، این ڈی ایم اے ، وزارت ہائوسنگ ، ماحولیات ، صحت ، سپارکو ، ایچ ای سی اور بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے افسران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی نے تمام متعلقہ اداروں کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لئے مشترکہ سروے تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سروے ڈیٹا کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے اور متاثرین کی مالی امداد کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں اور آبادکاری کے بعد اہم مرحلہ گھروں اور انفراسٹرکچر کی ازسرنو تعمیر ہے، عوام تک ریلیف پہنچانے کے مرحلے میں کسی قسم کا کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ چھوڑا جائے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ ریلیف کارروائیوں کے دوران متاثرین میں منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے بدترین متاثر ہوئے ہیں۔ ریلیف آپریشن میں وزیراعظم کی ہدایت کی مطابق بلوچستان کے متاثرین پر خاص توجہ دی جائے ۔