وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ملک میں سیلابی صورتحال بارے جائزہ اجلاس، ڈاکٹرز کی ٹیم کو فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے علاج معالجہ کیلئے بھیجا جائے ، پروفیسر احسن اقبال

224

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ملک میں سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا ۔وزیر منصوبہ بندی نے متعلقہ حکام کو سیلاب زدہ علاقوں کے لئے سرکاری ڈاکٹرز کی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم کو فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے علاج معالجہ کیلئے بھیجا جائے ۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ آفت کی اس گھڑی میں غریب عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اوسط سے زیادہ بارشیں ہوئیں جس سے سندھ اور بلوچستان کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ وزارت تجارت ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے فنڈز اکھٹا کرنے کیلئے متحرک کرے۔

ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے چاکنگ پوائنٹس کی شناخت کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ چاکنگ پوائنٹس پر پولیس اہلکار تعینات کر کے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی روزانہ کی بنیاد پر سیلابی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے این ایچ اے کو ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے چاکنگ پوائنٹس کی شناخت کے بعد پولیس اہلکار تعینات کئے جانے اور وزارت ریلوے کو متاثرہ انفراسٹرکچر کی جلد از جلد تعمیر نو کے انتظامات اور غیر متاثرہ انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ‏سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کی سرگرمیوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے بھاری مشینری، بلڈوزرز، ایکسکویٹر، لیولرز کی منتقلی کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔