اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال 13 جولائی کو اقوام متحدہ میں ہونے والے پائیدار ترقی کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم (HLPF-2022) میں پاکستان کی طرف سے دوسری والنٹیئر نیشنل ریو یو (وی این آر) پیش کریں گے۔ منگل کو وی این آر پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سوشل سیکٹر کی ممبر ڈاکٹر شبنم سرفراز اور ایس ڈی جیز کے دیگر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس پلیٹ فارم کو کووڈ 19 کے بعد کی صورتحال اور یوکرین میں حالیہ جنگ کے بعد ترقی یافتہ ممالک سے مزید تعاون حاصل کرنے کے لئے استعمال کرنا چاہئے جس نے ترقی پذیر ممالک کو بری طرح متاثر کیا اور پاکستان ان میں سے ایک ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے 2015 میں ایس ڈی جیز 2030 کو قومی ترقی کے ایجنڈے کے طور پر اپنایا کیونکہ اس وقت کی حکومت نے ان اہداف کے حصول کو پاکستانی عوام کی سماجی و اقتصادی خوشحالی، فلاح اور ترقی کے لئے لازمی شرط تسلیم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں حالیہ بحران کے بعد پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لئے عالمی سطح پر کوشش کی جانی چاہئے ۔انہوں نے ایس ڈی جیز کو ان اہم شعبوں کو اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جن میں پاکستان نے بہت کام کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ایس ڈی جیز کو وفاقی، صوبوں اور ضلعی سطح پر قومی ایوارڈز منعقد کرنے کی ہدایت کی تاکہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے سماجی شعبے کے کردار کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
وفاقی وزیر 12 جولائی کو ایچ ایل پی ایف کے ضمنی پروگرام "ابھرتے ہوئے چیلنجز اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا” میں عملی طور پر شرکت کریں گے تاکہ ابھرتے ہوئے چیلنجز جیسے کوویڈ۔19 وبائی امراض، اقتصادی بحرانوں اور سیاسی تبدیلیوں کے بارے میں موثر پالیسی ردعمل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔