اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جدید طریقہ کار کے تحت کام کرے توانتخابی عمل کے لئے اخراجات 70 فیصد تک کم کئے جا سکتے ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ابھی تک پرانے اور بوسیدہ طریقہ کار پر چل رہا ہے، وہ جدید طریقہ انتخاب کو اختیار کرے جس سے 70 فیصد اخراجات کم کر کے پاکستان دنیا کے بہترین ووٹنگ نظام کا حامل ملک بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہر شہری رجسٹرڈ ہے، نادرا میں کوائف موجود ہیں۔ ان ساری چیزوں سے الیکشن کمیشن کو استفادہ کرنا چاہئے تاکہ صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو فروغ دے کر دنیا میں جمہوری نظام کے استحکام والے ملکوں میں شامل کیا جا سکے۔