وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا سیکرٹری مومن آغا کے ہمراہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ہیڈ آف کا دورہ

118

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن مومن آغا کے ہمراہ سوئی ناردرن گیس کمپنی ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ایس این جی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے وفاقی وزیرکا استقبال کیا اور کمپنی کے معاملات پر ایک جامع بریفنگ دی ۔

علی پرویز ملک نے کمپنی کے انتظامیہ کے ساتھ ایس این جی پی ایل اور پٹرولیم سیکٹر کے اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گیس کی فراہمی مؤثر بنانا حکومت کی ترجیح ہے، گیس سپلائی چین میں بہتری اور ترسیلی نظام کی کمیوں کو دور کرنے کے لئے سسٹم میں جدت پر زور دیا۔ اس موقع پر سپلائی چین کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے مختلف حکمت عملیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل لگن، دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ سرانجام دیں۔