اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پاکستان میں بہار کا اعلان ہے، ترقی و خوشحالی کے سفر میں سعودی حکومت کی شرکت کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے وطن عزیز میں تاریخ ساز معاہدوں اور ریکارڈ سرمایہ کاری ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ والہانہ مذہبی لگاﺅ کی وجہ سے پاکستان کا دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے عوام سعودی شاہی خاندان کیلئے بے پناہ عقیدت کا جذبہ رکھتے ہیں اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ دہائیوں پر محیط پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں، حکومت پاکستان سفارتی محاذ پر برادر اسلامی ملک کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پائیدار بنیادوں پر استوار ہیں جبکہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے ان دوطرفہ تعلقات میں وسعت آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کی پاکستان میں تاریخ ساز سرمایہ کاری حکومت وقت کی اس درخواست کا نتیجہ ہے جس میں ہم نے سعودی حکمرانوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی تاکہ پاکستانی معیشت کو بیرونی سرمایہ کاری کی مد میں تقویت دی جا سکے جس کے ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں متوقع تاریخ ساز سرمایہ کاری کو عوامی حلقوں میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے جو سعودی حکومت کی طرف سے پاکستان میں اب تک کی جانے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی جس کے تحت گوادر میں اربوں ڈالر کی لاگت سے بڑی ریفائنری کا قیام بھی شامل ہے۔