وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کی صحافیوں سے گفتگو

106

راولپنڈی ۔ 6 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے،موجودہ حکومت کارکردگی کی بنیاد پر 5 سال پورے کرے گی، کسی کو این آر او نہیں دیں گے، تیل کی تلاش کےلئے 4400 فٹ تک ڈرلنگ مکمل ہو چکی ہے، کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کامیابی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این 59 میں پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور سمندر سے تیل نکالنے کا عمل جاری ہے،تیل کے ذخائر پر انٹرنیشنل کمپنیاں کام کر رہی ہیں، 4400 فٹ تک ڈرلنگ مکمل ہو چکی ہے اور عوام کو جلد خوشخبری ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ملک کو درپیش مہنگائی، بیروزگاری اور بدحالی کے تمام مسائل کی ذمہ دار گزشتہ حکومتیں ہیں، حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر کیا گیا، اوگرا نے تیل کی قیمتوں میں 12 روپے اضافہ تجاویز کیا مگر عوامی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے صرف چھ روپے بڑھائے گئے اور دس ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کی نسبت پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے اور ہمیں جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف تھا اور اب تک 35 ہزار پودے لگائے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوچکا ہے، عمران خان ایک باصلاحیت اور ایماندار لیڈر ہیں اور وہ ملک سے غربت و بے روزگاری سمیت تمام مسائل کا خاتمہ کریں گے۔ دریں اثناءانہوں نے عمارت کے اندر پودا لگایا، اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود اور ایم پی اے واثق قیوم، ملک عمران، شیخ شہزاد، حاجی اورنگزیب اور عبداسلام بھی موجود تھے۔