وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان کا چوہدری نثار کے بیان پر ردعمل

89

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اب پاکستان کی سیاست کے بارہویں کھلاڑی ہیں، موصوف پہلے کہتے تھے عمران خان کو سیاست نہیں آتی عوام نے انہیں وزیراعظم بنا دیا، اب موصوف بلا پکڑنا اسے سکھا رہے ہیں جس نے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد 2018ءکا عوامی کپ بھی جیت لیا، عوام اور اپنی جماعت دونوں سے دھتکارے جانے کا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش نہ کریں، ووٹوں کے شمار کا خیال تین ماہ بعد کیوں آیا ہے؟۔ چوہدری نثار کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر مرتبہ ڈیل کرکے آنے والوں کی اس بار ڈیل نہ ہونے پر ڈینگیں دیدنی ہیں، چوہدری نثار گھر اور گھاٹ کے درمیان کسی راستہ کی تلاش میں ہیں، موصوف کا باوا آدم ہمیشہ سے ہی نرالا ہے، ان کے خیال میں دنیا میں ایک وہ ہی اصول پسند انسان پیدا ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام اور اپنی جماعت دونوں سے دھتکارے جانے کا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش نہ کریں، چوہدری نثار کو ان کے تکبر، ضد اور رعونت نے ہرایا ہے، ووٹوں کے شمار کا خیال تین ماہ بعد کیوں آیا؟۔