اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرمذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے تنازعات سے بچنے کے لیے رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق ٹی وی پروگرامز مذہبی سکالرز کے ذریعے منعقد کرانے کی تجویز دی ہے۔
وفاقی وزیرنے وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ گزشتہ چند سال سے بعض اینکرز جنہیں اسلامی تعلیمات سے اچھی طرح واقفیت نہیں ہے، رمضان کے مقدس مہینے میں پروگرام کر رہے ہیں اور اسلامی معلومات کی کمی کی وجہ سے انہوں نے بہت سے مذہبی تنازعات پیداکئے جبکہ سوشل میڈیا پر لوگوں پر منفی اثرات مرتب کیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے میزبانوں اور پروگرامز کے شرکاء کے لیے ڈریس کوڈ ہونا چاہیے، تمام مقدس شخصیات کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگراموں میں کسی بھی متنازعہ موضوع پر بات نہیں کی جانی چاہیے۔
وفاقی وزیرنے اپنے مکتوب میں لکھاہے کہ ٹی وی چینلز کو سحری اورافطاری کے اوقات میں تفریحی شوز نشر کرنے اور مذہبی پروگراموں میں بھی ایسی چیزوں سے گریز کرناچاہیے۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ غیر اخلاقی چیزیں اور اشتہار نشر نہیں ہونے چاہئیں، ٹی وی پروگرام ایسے مواد پر مبنی ہونے چاہئیں جو نہ صرف حقیقی اسلامی معلومات فراہم کریں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات میں مذہبی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیں۔
وفاقی وزیرنے اپنے مکتوب میں کہا کہ وزیر اعظم وزارت اطلاعات اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو تمام ٹی وی چینلز کے لیے ایسی ہدایات جاری کرنے کے احکامات جاری کریں۔