وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کی ٹی وی چینل سے گفتگو

93

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی بنائی گئی جے آئی ٹی پر پہلے دن ہی سے تحفظات کے باوجود ہم نے نہ تو کوئی سوال اٹھایا، نہ ہی کوئی عذر پیش کیا اور نہ ہی اس سے بھاگنے کی کوئی کوشش کی بلکہ جے آئی ٹی سے بھرپور تعاون کیا اور اسی سلسلے میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے بیٹوں کی متعدد پیشیوں کے علاوہ وزیراعظم کی بیٹی بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئی بلکہ وزیراعظم محمد نواز شریف خود بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے اور انہیں تمام ثبوت فراہم کیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں بہت سی خامیاں موجود ہیں اور کوئی چیز بھی حقیقت پر مبنی نہیں۔ رپورٹ میں جھوٹ کے لبادے میں کچھ حقائق کو رکھ کر پیش کیا گیا ہے اور یہی بات ہم نے عوام کی عدالت میں پیش کر دی ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے والیم 1 کو دیکھ کر سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے ریفرنسز یاد آجاتے ہیں کیونکہ اس دور آمریت میں بھی چند حقائق کو جھوٹ سے ملا کر یہ کہا جاتا تھا کہ آمدن سے زائد اثاثے ہیں جو غلط طریقے سے بنائے گئے ہیں اور اب جے آئی ٹی کی رپورٹ میں بھی اسی طرح کی زبان استعمال ہوئی ہے۔