اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لیبر مائیگریشن، انسانی وسائل کی ترقی اور بیرون ملک روزگار جیسے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
منگل کو وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے قومی معیشت میں شراکت اور پاکستان و فرانس کے درمیان عوام سے عوام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانیوں کے لیے فرانس میں مختلف شعبوں بشمول مہمان نوازی، فارماسیوٹیکل، ٹیلی کمیونیکیشن، جہاز سازی اور سول انجینئرنگ میں ترقی کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فرانس کی حکومت پاکستانیوں کو فرانسیسی لیبر مارکیٹ کی مخصوص طلب کے مطابق تربیت دینے میں مدد کرے۔ انہیں صحیح مہارتوں سے آراستہ کرکے، ہم اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ وہ فرانس میں کام کرتے ہوئے ان شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ٹارگٹڈ ٹریننگ پروگرام نہ صرف فرانس میں مزدوروں کی کمی کو دور کریں گے بلکہ لاکھوں روپے لگا کر غیر قانونی طریقوں سے باہر جانے والے ماؤں کے لخت جگر کو بیرون ملک کام کرنے کے لیے ایک محفوظ اور قانونی راستہ بھی فراہم کریں گے جس سے غیر قانونی امیگریشن کے راستوں کی کوشش کے دوران ہونے والے جانی نقصان کو روکا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ میرا وژن پاکستانیوں کو قانونی ذرائع سے بیرون ملک کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا، غیر قانونی ہجرت کو روکنا اور انہیں غیر ملکی ملازمتوں کی منڈیوں میں مطلوبہ مہارتیں حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ طریقہ غیر قانونی امیگریشن کو کم کرنے اور پاکستانی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سب سے موثر حکمت عملی ہو گا۔ فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے پاکستان کے انسانی وسائل کی ترقی بالخصوص پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت میں تعاون کے مواقع میں فرانس کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کو تسلیم کیا اور ٹیکنالوجی، اختراعات اور دیگر شعبوں میں باہمی فائدہ مند شراکت داری کے امکانات کو نوٹ کیا۔چوہدری سالک حسین نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ، حقوق اور مفادات کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے بیرون ملک محفوظ اور باوقار روزگار کی ضمانت کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ترقیاتی اقدامات بالخصوص تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں فرانس کی جانب سے جاری تعاون کو سراہا۔یہ ملاقات پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم کڑی ہے۔