مکہ المکرمہ۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے خدمت فراہم کرنے والی کمپنی رخلت منافعہ کمپنی کا دورہ کیا اور پاکستانی حجاج کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔آمد پر کمپنی کے سی ای او احمد عبداللطیف تمر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وفاقی وزیر کی قیادت میں پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن، ڈائریکٹر جنرل (حج) جدہ/پاکستان حج مشن کے سربراہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر مکہ فہیم آفریدی، ہیڈ آف میڈیکل مشن بریگیڈیئر جمیل احمد لکھیار، ڈائریکٹر معین اصغر یوسفزئی اور دیگر حکام نے وفاقی وزیر کی معاونت کی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں ٹرانسپورٹ، رہائش اور کیٹرنگ سمیت بروقت اور وسیع انتظامات کرنے پر کمپنی کی تعریف کی۔انہوں نے حج سے متعلق امور میں مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا جس کا مقصد پاک سرزمین پر اللہ تعالی کے مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ اجلاس کے دوران سی ای او احمد عبداللطیف تمر نے کہا کہ کمپنی ،جس کے پاس انتہائی ہنر مند پیشہ ور افراد کی ٹیم ہے ،نے وقت سے پہلے سو فیصد انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
وفاقی وزیر نے سی ای او کو مستقبل کے حج سے متعلق منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔سی ای او نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگست میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔بعد ازاں چوہدری سالک حسین نے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کا دورہ کیا اور زمینی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔وفاقی وزیر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا رحلت منافیہ کمپنی کا دورہ پاکستانی عازمین کے لیے ہموار اور روحانی طور پر پورا کرنے والے حج کے تجربے کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔کمپنی کی کوششوں کے لیے وفاقی وزیر کی تعریف اور سی ای او کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت حکومت کی جانب سے جاری تعاون اور حج سے متعلق خدمات میں بہتری کی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔