جنیوا۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل مینویلا ٹومی سے 353ویں آئی ایل او گورننگ باڈی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ اجلاس میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری ذوالفقار احمد، جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر بلال احمد اور دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے آئی ایل او کے تین اہم کنونشنز کی حالیہ توثیق پر زور دیتے ہوئے مزدوروں کے حقوق اور سماجی انصاف کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں سماجی مکالمے کو فروغ دینے، گورننس کو مضبوط بنانے اور موثر نفاذ کے لیے آئی ایل او کی تکنیکی مدد حاصل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے آئی ایل او سے اپیل کی کہ وہ ہنر مند پاکستانی کارکنوں کے لیے بیرون ملک ملازمت کے لیے قانونی مواقع یقینی بنائے۔
چوہدری سالک حسین نے تجویز پیش کی کہ پاکستان اپنے فنڈز استعمال کرے گا لیکن مختلف شعبوں کے بین الاقوامی اداروں کے ماہرین پاکستانی نوجوانوں کو ہنر پر مبنی تربیت فراہم کرنے کیلئے پاکستان آ کرانہیں مدد فراہم کریں۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ پاکستان کے پاس وافر قابل افرادی قوت ہے جو بین الاقوامی ملازمتوں کے لیے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے جدید تعلیمی اور تربیتی مراکز کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔
مینویلا ٹومی نے پاکستان کی جاری کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر کو آئی ایل او کی طرف سے ہر سطح پر مکمل تعاون کا یقین دلایا اور پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کی بین الاقوامی ملازمتوں کیلئے صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مدد کرنے کا وعدہ کیا۔
دونوں فریقین نے بین الاقوامی لیبر معیارات کو برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ گورننگ باڈی کے اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی ٫ چوہدری سالک حسین نے فلسطینی لیبر منسٹر ایناس عطاری سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں مزدوروں کے حقوق، سماجی انصاف اور فلسطین کو متاثر کرنے والی سیاسی اور اقتصادی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے مزدوروں کے حالات کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی لیبر معیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے فلسطین کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دونوں فلسطین کے ساتھ ہر فورم پر کھڑے ہیں۔ جواب میں فلسطینی وزیر نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572696