اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے کشمیری عوام سے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک ایک وعدہ پورا کیا جائے گا،وزےراعظم آزاد کشمےر راجہ فاروق حےدر احسن انداز میں حکومتی فرائض سرانجام دے رہے ہیں، ہمارے دور حکومت میں آزاد حکومت کو فنڈز کی کمی نہیں ہوگی۔گذشتہ روز یہاں وزارت امور کشمیر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کا قیام، خطے کی تعمیر و ترقی اور مسئلہ کشمیرہماری اولین ترجیح ہے، ا نہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور سیز فائر لائن کے قریب آباد کشمیریوں کے مسائل پر ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر حکومت اور وہاں کے عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں چند دن قبل ایک خصوصی اجلاس بلایا تھا اور آئندہ ہفتے تک وزیراعظم نے تمام تر مسائل کے ممکنہ حل کےلئے مکمل رپورٹ تےار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف آئندہ چند دنوں میں مظفرآباد کا دورہ بھی کرینگے۔