اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور ہمارے دور میں میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں صحافیوںکے تحفظ کا بل پیش کیا جانا چاہیے جس پر تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اتفاق رائے ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوںکے تحفظ کا بل انسانی حقوق کا حصہ ہے جسے پارلیمنٹ میں پیش کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ صحافیوں بالخصوص فیلڈ رپورٹنگ کرنے والوں کی جانوںکو تحفظ حاصل ہو۔ ایک سوال پر وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں چائلڈ ڈومیسٹک لیبر پر پابندی لگا دی ہے ۔