اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی 190ویں سینڈیکیٹ میٹنگ میں شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ سنڈیکیٹ میٹنگ کے فیصلوں پر عملدرآمد اور ان سے متعلق وائس چانسلر کے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی، رجسٹرار قائداعظم یونیورسٹی، جسٹس جمال مندوخیل اور فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں تعلیمی تقرریوں اور مختلف پروگرامز (بی اے سے پی ایچ ڈی تک) کے گریجویٹس کو اسناد جاری کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس کے علاوہ لاء کالجز کے الحاق سے متعلق پالیسی معاملات پر غور، انتظامی امور، یونیورسٹی زمین کی حد بندی، اور نظم و ضبط سے متعلق اپیلوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر یہ طے پایا گیا کہ آئندہ ہفتے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی جامعہ کے فنانشل ایشوز کے حل کیلئے وزیر خزانہ سے ملاقات کریں گےجبکہ یونیورسٹی کی زمین کی حد بندی اور پرانی آبادیوں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے چیئرمین سی ڈی اے سے بھی ملاقات کریں گے۔